بھٹکل 17 / نومبر (ایس او نیوز) دیہی علاقے کونار میں عوامی رابطہ پروگرام کے درمیان عوام کا احوال سننے اور انہیں درپیش مسائل حل کرنے کے ضمن میں بات چیت کرتے ہوئے ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ اُن کے جو بھی مسائل ہیں، اُسے حل کرنے کے لئے وہ ہمیشہ تیار ہیں۔
کونار گرام پنچایت اسکول کے احاطے میں منعقدہ ریلی کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل میں نے عوام سے جو وعدے کئے تھے، اُسی کے مطابق میں عوام کے پاس پہنچ کر عوام کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔ ایک طالب علم کی درخواست پر منکال وئیدیا نے کہا کہ کونار کے متعلقہ اسکول کی خستہ حالی کو دیکھتے ہوئے وہاں نئی عمارت تعمیر کی جائے گی اور نکاسی آب کا مسئلہ جلد حل کرنے کے لیے مناسب کارروائی کی جائے گی۔